اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اقوامِ متحدہ نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ غزہ کے 96 فیصد شہری شدید غذائی عدمِ تحفظ میں مبتلا ہیں، اور دستیاب وسائل تباہ حال آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے معاون سیکریٹری جنرل تام فلچر نے بتایا کہ غزہ کے عوام حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد شدید سردی اور بےسھاری کا شکار ہیں اور ان کے پاس بچا ہوا مال و اسباب بھی ضائع ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات نے محاصرہ زدہ آبادی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
تام فلچر نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ خوراک (WFP)، اقوامِ متحدہ کے متعلقہ ادارے اور دیگر بین الاقوامی شراکت دار امدادی سامان بھیج رہے ہیں، لیکن زمینی حقائق کے مطابق ضرورت اس سے کہیں زیادہ ہے اور خوراک، ادویات اور بنیادی ضروریات کی شدید کمی برقرار ہے۔
اسی دوران اقوامِ متحدہ کے ڈپٹی ترجمان فرحان حق نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جاری امدادی کارروائیوں کی تقویت کے لیے 18 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، تاکہ شدید متاثرہ آبادی کو ہنگامی امداد فراہم کی جا سکے۔
آپ کا تبصرہ